لاہور( این این آئی)شاہکار ڈرامہ سیریل ’’ میرے پاس تم ہو ‘‘ کے رائٹر خلیل الرحمان قمر نے کہاہے کہ انسان کی کوئی اوقات نہیںہوتی بلکہ خدا کی ذات اور اس کے بعد عوام کی قبولیت سے ڈرامہ سیریل کو اتنی پذیرائی ملی ، حسد اوربے جا تنقید کرنے والوں کیلئے صرف شفا ء اور ہدایت کی دعا ہی کی جا سکتی ہے ۔ ایک انٹرویو میںخلیل الرحمان قمر نے کہا کہ آج کے دور میںکسی کی آنکھوںمیں دھول نہیں جھونکی جاسکتی ، ڈرامہ سیریل ’’ میرے پاس تم ہو ‘‘ کی کہانی میں کچھ تھا تو اس نے مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا ۔
جن لوگوں کو سمجھانا تھا وہ سمجھ گئے لیکن بعض کی چیخیں نکل رہی ہیں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو آرام ، سکون اور شفا دے ۔ خلیل الرحمان قمر نے کہاکہ میری بلکہ کسی کی کوئی اوقات نہیں کہ خداکی ذات کی قبولیت ہونے کے بغیر مقبولیت اور بلندیوںکو چھو سکوں، اس کے بعد عوام کی قبولیت ہے جنہوں نے ڈرامے کو پسند کیا ۔ انہوںنے کہا کہ میں مستقبل میںبھی ایسے ڈرامے لکھنے کی کوشش کروں گاجس سے لوگوںکے لئے تفریح کے ساتھ ساتھ اصلاح کا پہلو بھی نکلتا ہو۔