اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈرامہ سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘ آج شب آن ائرہو نے جارہی ہے، ہرکوئی اس کا اختتام جاننے کے لیے شش و پنج میں ہے لیکن اب سما ٹی وی اس کے ممکنہ انجام سامنے لے آیا ہے ۔
پہلا اختتام
دانش کو پسند کرنے والے ذرا دل تھام کر پڑھیں، آخر شرافت بھی کتنی اور کس حد تک دکھائی جائے؟ ہوسکتا ہے کہ مہوش کے بلاوے پر اپنے پرانے فلیٹ میں جانے والا دانش وہاں مہوش کی منتوں ترلوں سے تنگ آکر سوچے ’’نہ رہے گا بانس اور نہ بجے گی بانسری‘‘۔ اس کے بعد پہلی گولی مہوش کو مارے اور دوسری اپنی کنپٹی پر ۔ ( جو افراد ڈرامے میں 2 قتل ہونے کے منتظر ہیں، لیں ہو گئے 2 قتل )۔
دوسرااختتام
بقول مصنف ’’ محبت میں بیوفائی نہیں ہوتی اور جہاں بیوفائی ہو وہاں محبت نہیں ہوتی ‘‘ تو خیال کے گھوڑے دوڑانے کے بعد ایک اختام یہ سمجھ میں آتا ہے کہ بیوفائی کرنے پر شہوار کی پرانی حیثیت (معمولی ملازمت، لنچ بکس، آفس وین میں پک اینڈ ڈراپ ) بحال کرنے والی اہلیہ ماہم آخری حربے میں اسے گھر سے نکال باہر کرے گی جس پرشہوار میاں ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہوئے مہوش کو قتل کرنے پہنچ جائیں گے اور ایسا کر گزرنے کے بعد سوچیں گے یہ میں نے کیا کیا؟ اور پھر خود کو بھی اسی پستول سے اوپر پہنچا دیں گے۔ (یہ بھی 2 قتل ہوگئے)۔
تیسرااختتام
ڈرامے کا موضوع ہی محبت اور بیوفائی ہے تو پھر محبت تو قربانی مانگتی ہے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ شہوارمہوش کو قتل کرے اور اسی وقت دانش وہاں پہنچ جائے۔ پہلے ممکنہ اقدام کی معافی مانگے اور پھرصدمے میں کھڑے شہوارکے پستول سے ہی اسے قتل کردے۔
چوتھا اختتام
چوتھا اور سب سے عام اختتام جو کہ سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہے، یہ ہوسکتا ہے کہ شہوارکو فلیٹ میں بلا کر مہوش اسے قتل کردے اور دانش یہ الزام اپنے سرلے کر گردن جھکائے جیل چلا جائے۔ رہ گیا رومی تو اس کیلئے ہانیہ ٹیچر ہیں نا۔
پانچواں اختتام
ایک امکان یہ بھی ہے کہ پچھتاوے کا شکار مہوش خود اپنی ہی جان لے لے اور رومی، ہانیہ ٹیچر ہنسی خوشی اور دانش میاں کچھ ملی جلی کیفیت کے ساتھ زندگی بسر کرنے لگیں۔