لاہور( این این آئی )فلمساز سرمد کھوسٹ نے نامعلوم افراد کی جانب سے آن لائن دھمکیاں ملنے کے بعد اپنی آنے والی فلم ’’زندگی تماشہ ‘‘کو ریلیز نہ کرنے پر غور شروع کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سرمد کھوسٹ کو فلم ریلیز نہ کرنے کے حوالے سے شدید دبائو کا سامنا ہے او رانہیں مختلف طریقوں سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ سرمد کھوسٹ نے اس حوالے سے صدر ، وزیر اعظم ، چیف جسٹس پاکستان اور دیگر شخصیات سے کھلے خط میں فلم کی ریلیز میں تعاون
دینے کی درخواست کی تھی۔سرمد کھوسٹ نے خود کو آن لائن ملنے والی دھمکیوں میں سے ایک دھمکی کا اسکرین شاٹ بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں اردو میں فلم ساز کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی گئی تھی۔اسکرین شاٹ میں پڑھا جا سکتا ہے کہ دھمکیاں دینے والے شخص نے انہیں ’’زندگی تماشہ ‘‘کو ریلیز نہ کرنے کا کہتے ہوئے فلم کو اسلام مخالف قرار دیا ہے۔سرمد کھوسٹ نے دھمکی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دھمکی دینے والے شخص کا فون نمبر چھپا دیا تھا۔