لاہور (آن لائن) اداکارہ میرا نے وزیراعظم اور وزرا ء کی طرح اداکارائوں کو بھی عزت اور پروٹوکول دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیونکہ اداکارائیں بین الاقوامی سطح پر ملکی ثقافت کی نمائندگی کرتی ہیںاس لئے انہیں وزیراعظم اور وزرا ء سے زیادہ عزت اور پروٹوکول دینا چاہیے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے ایک نامعلوم شخص کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے
اسکرین شاٹس شیئر کیے جس میں میرا نے مذکورہ شخص کو بھی اداکارائوں کی عزت کرنے کا پیغام دیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ جو لوگ فلم اسٹارز کے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں انہیں اندازہ ہونا چاہیے کہ فنکار معاشرے کا نایاب گروہ ہیں جن کے ساتھ عزت و تکریم کا برتا ئورکھنا چاہیے۔اداکارائیں نہ صرف محنت سے کام کرتی ہیں بلکہ ملکی وقار کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کر دیتی ہیں لہٰذاانہیں وزیراعظم اور وزرا ء سے زیادہ عزت اور پروٹوکول دینا چاہیے تاکہ وہ اپنے کام پر فخر محسوس کر سکیں۔میرا نے اپنی گفتگو میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا کہ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کیلئے پیشہ ورانہ انداز اپنائیں اور مکمل قانونی کاغذات، پیشگی معاوضہ اور معاہدے کے ساتھ آئیں کیونکہ کوئی یہاں آپ کو تفریح فراہم کرنے نہیں بیٹھا۔اداکارہ میرا نے اپنے اس پیغام کو خصوصی پیغام قرار دیا اور ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ہیروئن کا مطلب حقیقی زندگی میں بھی ہیروئن ہوتا ہے غلط کام کرنے والی خواتین نہیں، وہ کلب میں کام نہیں کرتیں۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا مطلب پاکستان فلم انڈسٹری ہے نہ کہ کلب انڈسٹری، فلم انڈسٹری کی کالی بھیڑیں اور مکروہ چہرے بہت جلد بے نقاب ہو جائیں گے