لاہور( این این آئی)لالی ووڈ اداکارہ ریشم نئے سال میں شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔پرو پاکستانی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ ریشم اس سال 51برس کی ہوگئیں تاہم کچھ مسائل اور مشکلات کی وجہ سے ان کی شادی نہیں ہو پائی لیکن اب انہوں نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا
۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریشم نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ سال 2020 میں ہی شادی کرلیں گی تاہم انہوں نے اپنے ہونے والے جیون ساتھی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ ریشم سمجھتی ہیں کہ ان کی شادی کا درست وقت ہو چکا ہے اور انہیں زندگی کو پرجوش اور پرسکون بنانے کے لیے اب شادی کرنی چاہیے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں اچھے جیون ساتھی کی تلاش میں وقت لگا، تاہم اب ان کی یہ تلاش ختم ہوچکی ہے اور 2020 میں وہ دلہن بنیں گی۔خیال رہے کہ ریشم نے 1995 میں فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’’جیوا ‘‘سے کیا تھا اور ان کی پہلی ہی فلم نے اچھی کامیابی حاصل کی تھی۔ریشم کی دیگر مشہور فلموں میں چور مچائے شور، گھونگھٹ، سنگم، دوپٹا جل رہا ہے، انتہا، پل دو پل، طوفان، پہلا پہلا پیار اور تڑپ شامل ہیں۔ریشم نے فلموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں اور سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، ساتھ ہی وہ ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں۔