لاہور (این این آئی) پاکستان کے نامور اداکار عمران اشرف کو برٹش کونسل نے اعزازی سفیر برائے علم مقرر کردیا۔عمران اشرف نے اس بات کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کیا۔اداکار عمران اشرف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ‘برٹش کونسل کی جانب سے
علم کا سفیر مقرر ہونے پر فخر اور خوشی محسوس ہورہی ہے۔انہوں نے لکھا کہ برٹش کونسل کا مقصد ملک کے پسماندہ بچوں کو تعلیم کی مدد سے روشن مستقبل دینا ہے۔عمران اشرف نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ 2020 تک عالمی مقاصد کے حصول میں کردار ادا کرسکوں گا۔واضح رہے کہ اداکار اپنے کیریئر میں کئی کامیاب ڈراموں کا حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے ‘رانجھا رانجھا کردی’ نامی ڈرامے میں ‘بھولا’ کا کردار نبھایا تھا جو مداحوں میں بے حد مقبول ہوا۔اس ڈرامے میں عمران اشرف کی اداکاری کو بیحد پسند کیا گیا کیونکہ بھولا کا کردار ایک ذہنی معذور شخص کا تھا اور عمران اشرف نے اسے بخوبی نبھایا تھا۔اس کے علاوہ اس وقت بھی اداکار ‘کہیں دیپ جلے’ نامی ڈرامے میں اہم کردار نبھارہے ہیں۔اس ڈرامے میں ان کے ہمراہ نیلم منیر ’ردا‘ نام کا کردار نبھا رہی ہیں۔یاد رہے کہ نیلم منیر اور عمران اشرف اس سے قبل ‘دل موم کا دیا’ نامی ڈرامے میں بھی کام کرچکے ہیں۔