لاہور(این این آئی)سینئر اداکار ندیم بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثقافت دل کو چھو لینے والی ہے اس لئے ہمیں اسے پوری دنیا میں پروموٹ کرنا چاہیے ، پاکستان میں اس تناظر میں خصوصی ڈاکو منٹریز بنا کر کے انہیں بیرون ممالک دکھانے کا اہتمام کیا جانا چاہیے جس سے ہماری سیاحت بھی ترقی کرے گی ۔ ایک انٹر ویو میں ندیم بیگ نے کہا کہ بد قسمتی سے دنیا میں پاکستا ن کا منفی چہرہ پیش کیا گیا اور ہم اسے اس طرح سے کائونٹر نہیں کر سکے جس کی ضرورت تھی ۔ آج ٹی وی ، اسٹیج اور فلم کی شکل میں
طاقتور میڈیاموجود ہے لیکن ہم اس سے استفادہ نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت ایسی ہے جو دل کو چھو لیتی ہے اور یہاں کے رہنے والوں میں بھی بے پناہ خلوص پایا جاتا ہے جس سے دنیا کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس تناظر میں ہمیں یونیورسٹیز کے طلبہ کو ذمہ داری سونپنی چاہیے کہ وہ خصوصی ڈاکو منٹریز بنا ئیں او رحکومت انہیں بیرون ممالک دکھانے کا اہتمام کرے جس سے غیر ملکی سیاح بھی پاکستان کا رخ کرینگے اورپاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھر کے سامنے اجاگر ہوگا۔