لاہور ( این این آئی) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار شفقت چیمہ نے کہا ہے کہ میرا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے ہے مگر بچپن سے ہی فلموں میں کام کرنے کا شوق ہو گیا ،کریکٹر اداکار کے طور پر 1968ء میں بننے والی فلم ’’آخری چٹان ‘‘ میں کام کیا اور بعد میں چھوٹے موٹے کردار ادا کرنے لگا پھر ایک دن میری صلاحیتیں رنگ لائیں اور میں فلموں میں ولن کے طور پر آنے لگا ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پرستار ولن کے طور پر پسند
کرتے ہیں اسی لئے اسی کردار کو لے کر کیرئیر کو آگے بڑھایا ۔انہوں نے کہا کہ سلطان راہی مرحوم کے ساتھ بے شمار فلموں میں اداکاری کی اور ان جیسا بڑا اداکار اور عظیم انسان انڈسٹری میں نہیں دیکھا ۔ شفقت چیمہ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے سینئر زکا احترام کیا ہے اور بے ادبی کے ڈر سے کبھی بھول کر بھی ان کی طرف پشت نہیں کی ۔میرا یہ دعویٰ ہے کہ جو اپنے سینئرز کی عزت کرتے ہیں وہ کبھی بھی ناکام نہیں ہوتے ۔