لاہور( این این آئی)شوبز شخصیات نے حکومت سے کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے والے فنکاروں ، گلوکاروں اور ہنر مندوں کیلئے قومی فنڈ قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلا تاخیر اس جانب پیشرفت کرے ، صاحب ثروت فنکار بھی اس سلسلہ میں
اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اداکارہ ثناء، احسن خان ، عارف لوہار، افتخار ٹھاکر ، سائرہ نسیم ، ریشم، سعود اورحیدر سلطان نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے فنکار ، گلوکار اور ہنر مند معاشی حالات کی وجہ سے انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔ ا ن میں کئی ایسے نامور نام بھی ہیں جو معاشی حالات کی وجہ سے اپنا علاج معالجہ کرانے کے بھی قابل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی او رصوبائی وزارت اطلاعات و ثقافت مل کر قومی فنڈ قائم کریں جس کا آغاز کم از کم ایک ارب سے کیا جائے اور صاحب ثروت فنکار بھی یقینا اس میں اپنا حصہ ڈالیں گے اور اس فنڈ میں ایک بڑی رقم جمع ہو گی۔ فنکاروں نے مزید کہا کہ حکومت کی سطح پر قومی فنڈ کے قیام سے ان فنکاروں ،گلوکاروں اور ہنر مندوں کو معاونت لینے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوگی ۔وزیرا عظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مطالبہ ہے کہ فی الفور اس فنڈ کے قیام کے احکامات جاری کریں اور ہر سال بجٹ میں اس کی رقم میں کچھ نہ کچھ اضافہ بھی کیا جانا چاہیے ۔