لاہور(این این آئی)نامور اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ اپنے کیرئیر کو انجوائے کر رہا ہوں لیکن اس کے لئے پہلے بڑی محنت کرنا پڑتی ہے اور یہ سلسلہ رکا نہیں،کسی بھی ڈرامے کے موضوع پر رائے کا اظہار کرنا ہر کسی کا حق ہے اور اسے زبردستی روکا نہیں جا سکتا۔ ایک انٹر ویو میں ہمایوں سعید نے کہا کہ ٹی وی پربڑے بڑے اداکارموجود ہیں اور میں خود کو ان سے کہیں پیچھے سمجھتا ہوں ۔ میں جب بھی کسی پراجیکٹ کو کرتا ہوں تو پھر ساری توجہ اس پر مرکوز ہوتی ہے اور
اگر یہ کہا جائے کہ آپ اپنے کیرئیر کو انجوائے کر رہے ہیں تو اس کے پہلے بڑی محنت کرنا پڑتی ہے ۔ ہمایوں سعید نے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’’ میرے پاس تم ہو ‘‘ کی کہانی کئی ہدایتکاروں کو دکھائی تو انہوں نے کہا کہ کردار بہت بورنگ ہے لیکن ناجانے کیوں مجھے یہ ڈرامہ پسند آ رہا تھا اور میرا دل کہہ رہا تھاکہ اس میں کچھ خاص ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈرامے کے اسکرپٹ پر فلم بنانے کی تجویز بھی تھی لیکن سب نے ڈرامہ بنانے پر اتفاق کیا اوراس نے عوام میں بے حد پذیرائی حاصل کی ۔