لاہور (این این آئی)اداکارہ حرا مانی نے کہا ہے کہ میں نے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ صرف ہدایتکار ندیم بیگ کی وجہ سے سائن کیا ، ڈرامے میں میرا کردار مختصر ہے لیکن کبھی کبھی چھوٹی چیزوں سے بڑا تجربہ ملتا ہے۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ میں ڈرامے میں ہانیہ نامی ٹیچر کا
کردار اداکررہی ہوں جو ہمایوں سعید کے بیٹے رومی کی ٹیچر ہے، حرا نے ڈراما سائن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف ایک انسان کی وجہ سے یہ ڈراما سائن کیا اور وہ شخص ڈرامے کے ہدایت کار ندیم بیگ ہیں۔حرا نے بتایا کہ جب مجھے اس ڈرامے کی پیشکش ہوئی تومیں نے ہمایوں سے کہا کہ آپ اس میں ہیرو ہیں اور عائزہ ہیروئن ہیں کیا مجھے ’دو بول‘ کے بعد یہ ڈراما کرنا چاہئے؟ جس پرہمایوں سعید نے جواب دیا حرا اگر یہ ڈرامہ ہٹ ہوگیا اورجس وقت ڈرامے میں تمہاری انٹری ہے تو تمہاری مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔حرا نے مزید کہا ڈرامے میں میرا کردار مختصر ہے لیکن کبھی کبھی چھوٹی چیزوں سے آپ کو بڑا تجربہ ملتا ہے۔ ہدایتکار ندیم بیگ کا شمار پاکستان کے بڑے ہدایت کاروں میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس ڈرامے میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ایک سوال کہ عدنان صدیقی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ڈرامے میں آگے جاکرایک قتل ہوگا کیا واقعی ایسا ہوگا؟ جس پرحرا نے کہا کہ ایک نہیں دو قتل ہونگے تاہم حرا نے یہ بتانے سے گریزکیا یہ قتل کس کردارکے ہوں گے۔