کراچی(این این آئی)بلوچستان کی پہلی وی لاگر انیتا جلیل بلوچی فلم ’بلوچ آباد‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی،فلم ’بلوچ آباد‘ کی ہدایتکاری شاکر سعد نے کی ہے اور اس کی شوٹنگ اندرون سندھ اور کراچی میں کی گئی ہے،فلم کم عمری کی شادی، خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیم کی اہمیت جیسے موضوع پر بنائی گئی ہے۔فلم کا ٹریلر حال ہی میں آن لائن جاری کیا گیا ہے۔بلوچستان کے شہر گوادر سے تعلق رکھنے والی
انیتا جلیل گوادر کی پہلی وی لاگر ہیں،اپنے موبائل کے کیمرے اور سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کے حسین نظاروں اور قدرتی خوبصورتی سے بھرپور وادیوں کی سیر کروانیوالی21 سالہ انیتا جلیل کو بلوچستان کی پہلی خاتون وی لاگر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔انیتا ویڈیوز بنا کر دنیا کو اپنے علاقے کی خوبصورتی دکھاتی ہیں، انیتا نے اپنے وی لاگز کے ذریعے سیاحوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ خوبصورت جگہیں بھی متعارف کروائیں۔ایک انٹرویو میں انیتا نے کہا کہ وی لاگ شروع کرنے کا مقصد باہر کے لوگوں کو گوادر کی خوبصورتی اور لوگوں کے بارے میں بتانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کا کیمرے کے سامنے آنا مشکل ترین مرحلہ ہے، اپنے اس شوق کی تکمیل کیلئے والدین کو تین سال تک قائل کرنا پڑا۔انیتا نے کہا کہ مجھے شروع میں لوگوں کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا،کوشش کر رہی ہوںکہ پسماندہ علاقوں کو خواتین کی تعلیم سمیت تمام مسائل کو اپنے وی لاگز کے ذریعے لوگوں کے سامنے لائوں۔ایک وی لاگر ہونے کی وجہ سے انیتا سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتی ہیں، اْن کے یوٹیوب چینل پر 67 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔