پیرس(این این آئی)سوشل میڈیا پر زیر گردش اْس ویڈیو کا غیرملکی خبر رساں ادارے نے بھانڈا پھوڑ دیا جس میں کہا جارہا تھا کہ بھارتی لڑاکا طیاروں نے پاکستان کی حدود میں بمباری کی۔بھارتی شہریوں کی جانب سے اس جعلی ویڈیو کو تیزی سے وائرل کیا گیا ۔
جس میں ایک گھر پر لڑاکا طیاروں کو بمباری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے نے ویڈیو کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی طیاروں کی بمباری کی ویڈیو نہیں بلکہ آرما ٹو گیم کی ویڈیو ہے جو یوٹیوب گیمنگ چینل ‘ڈبل ڈوپلر’ پر 5 جولائی 2015 کو جاری کی گئی تھی۔بھارتی پروپیگنڈا کرنے والوں نے گیمنگ ویڈیو کو ایڈٹ کر کے اسے شیئر کیا، اور غیر ملکی ادارے نے اس کی تمام تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔بھارتی شہریوں کی جانب سے جعلی ویڈیو تیزی سے شیئر کی گئی جسے صرف 26 فروری کو ہی 4 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا اور اسے مسلسل فیس بک پر شیئر کیا جاتا رہا ہے۔یاد رہے کہ بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے 12 لڑاکا طیارے 26 فروری کو پاکستان کی حدود میں داخل ہوئے اور بالاکوٹ کے مقام پر دہشت گردوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا جس میں 300 کے قریب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب بھارتی دعوے کا بھانڈا اس ویڈیو کی طرح غیر ملکی میڈیا نے بھی پھوڑ دیا ہے، جہاں الجزیرہ ٹی وی کے نمائندوں نے بالاکوٹ کے مقام کا دورہ کیا اور رپورٹ کیا کہ جس جگہ پر بھارتی طیاروں نے ایمونیشن گرایا وہاں کوئی کیمپ نہیں بلکہ درخت تھے۔