ممبئی(این این آئی) سابق بھارتی کرکٹر اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان سے محبت مہنگی پڑگئی انہیں مقبول ترین کامیڈی شو’’ دی کپل شرما شو‘‘ سے نکال دیاگیا۔مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ خودکش حملے کا نزلہ سابق بھارتی کرکٹر اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو پر
جاگرا ہندوانتہا پسندوں کے دباؤ کے باعث سدھو کو بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو’’دی کپل شرماشو‘‘سے نکال دیا گیا۔پلوامہ حملے پر نوجوت سنگھ سدھو نے دیگر بھارتیوں کی طرح پاکستان پر الزام لگانے کے بجائے کہاتھا کہ چند لوگوں کے لیے کیا آپ پوری قوم کو قصور وار ٹہراسکتے ہیں؟ یہ بہت بزدلانہ حملہ تھا اور میں اس کی بھرپور انداز میں مذمت کرتاہوں، اس طرح کی کارروائی کرنے والوں کو سزا دینی چاہئے۔سدھو کے اس بیان کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر ان کے خلاف محاذ کھل گیا تھا اوربھارتیوں نے سدھو پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ’’دی کپل شرما‘‘ شو سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، علاوہ ازیں انہیں نا نکالنے کی صورت میں شو کو بند کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اور اب خبر آئی ہے کہ ہندوانتہاپسندوں کے خوف اور دباؤ کی وجہ سے سدھو کو شو سے نکال دیا گیا ہے اور ان کی جگہ اب شو میں جج کے فرائض ارچنا پورن سنگھ انجام دیں گی۔