ممبئی(این این آئی) فلم ’’کہونا پیارہے‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کولاکھوں روپے کے فراڈ کے الزام میں عدالت طلب کیا گیا ہے۔بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد سے تعلق رکھنے والے پون کمارنامی شخص نے اداکارہ امیشا پٹیل پر پیسے لینے کے باوجود
تقریب میں شرکت نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان پردھوکا دہی اورفریب کرنے پر مقدمہ درج کرایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ ڈیڑھ سال پرانا ہے16 نومبر 2017 کو امیشا پٹیل کو ایک شادی کی تقریب میں پرفارمنس کے لیے بلایا گیا تھا اورتقریب میں پرفارمنس کے انہیں گیارہ لاکھ روپے دئیے گئے تھے لیکن امیشا پٹیل پیسے لینے کے باوجود پروگرام میں شریک نہیں ہوئیں۔پون کمارمراد آباد میں ایک ایونٹ میجمنٹ کمپنی چلاتے ہیں اور ان کی کمپنی نے امیشا پٹیل کو شادی کے ایونٹ میں شرکت کے لئے پیسے دئیے تھے، اس کے علاوہ امیشا نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے جو بھی فرمائش کی تھی وہ بھی پوری کی گئی تھی تاہم امیشا نے وعدہ خلافی کی اور شادی میں شریک نہیں ہوئیں۔بعد ازاں پون کمارنے اپنے وکیل کے توسط سے مقامی عدالت میں اداکارہ سمیت تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، عدالت نے مقدمے پر سماعت کرتے ہوئے اداکارہ کو 12 مارچ کو عدالت طلب کیا ہے۔