ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے آرٹ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مادھوری ڈکشٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے اپنے فنی کیریئر کی ابتداء سے ہی ہر طرح کی فلمیں سائن کیں لیکن مجھے ہمیشہ کمرشل فلمیں کرنے کا کہا گیا کیوں کہ میرا مزاج کچھ اس طرح کا ہے، خاص طور پر جب میں فلم ’مریتھیو ڈانڈ‘ میں کام کر رہی تھی تو تب بھی لوگ مجھے یہ کہہ رہے تھے کہ میں اس طرح کی آرٹ فلم نہیں کرسکتی۔
لیکن اس کے باوجود میں نے وہ فلم کی۔دھک دھک گرل نے کہا کہ میری یہ فلم کامیاب تو نہیں ہوئی لیکن شائقین نے مجھے اس فلم میں پسند کیا تاہم میری یہ فلم دوسری اداکاراؤں کے لیے اس طرح کی فلمیں کرنے میں سنگ میل ثابت ہوئی کیوں کہ ہمیں کچھ کام خود کے بجائے دوسروں کے لیے کرنے چاہئیں۔مادھوری نے کہا کہ سنیما میں کام کرتے وقت ایک فنکار کو اپنے متعلق پہلے سے خیال کردہ (عوامی) توقعات کے برخلاف بھی کام کرنا پڑتا ہے اور یہ بہت مشکل عمل ہوتا ہے۔