لاہور( این این آئی)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ سلطان راہی کے انتقال کے بعد پنجابی فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہوئی جوآج تک بر قرار ہے ، اس دور میں کوئی بھی پروڈیوسراور ہدایتکار سلطان راہی کے بغیر فلم بنانے کا سوچتا بھی نہیں تھا ۔ ایک انٹر ویو میں قوی خان نے کہا کہ ہر شعبے میں نئے لوگوں کو آنا چاہیے لیکن انہیں آتے ہی کمانڈ سنبھالنے کی کوششوں کی بجائے سیکھنے کے عمل سے گزرنا چاہیے ۔ نان پروفیشنل لوگوں کے اسی رویے نے فلم انڈسٹری کو اس نہج پر پہنچایا ہے ۔ انہوں نے
کہا کہ ہم بھی کسی زمانے میں نئے تھے لیکن ہم نے وقت کے ساتھ سیکھا اور میں آج بھی سیکھنے کے مراحل سے گزر رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شہرت بہت بڑی آزمائش ہوتی ہے اور بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اس دور میں اپنے اندر عاجزی رکھتے ہیں اور ان کے رویے میں تبدیلی نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر فلم انڈسٹری کے حالات اچھے نہیں لیکن کوئی بھی اس بارے میں نہیں سوچتا ۔ کامیابی کے لئے باتوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جس کا فقدان ہے ۔