برلن (این این آئی)جرمنی کے دار الحکومت برلن میں 69واں سالانہ بین الاقوامی برلن فلم فیسٹیول زورشور سے جاری ہے جس میں دنیا بھر سے آئے فلمی ستارے شریک ہیں۔فلم فیسٹیول کا آغاز ڈینش فلم’ دی کائنڈنیس آف اسٹرینجرز‘ کے رنگا رنگ ورلڈ پریمئرسے کیا گیا تھا جس میں فلم کی کاسٹ اور پروڈکشن ٹیم نے شرکت کی تھی ۔برلن فلم فیسٹیول میں شرکت کیلئے فلمی دنیا سے بڑی تعداد میں ہدایتکار، اداکار،پروڈیوسرز اور رائٹرز کی بڑی
تعدادیہاں پہنچی ہے۔اس فیسٹیول کے دوران رواں برس ریلیز ہونیوالی کئی فلمز پیش کی جارہی ہیں جبکہ ان فلموں میں وہ بھی شامل ہیں جو ممکنہ طور پر آئندہ برس آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد ہوسکتی ہیں۔رواں برس اس فلم فیسٹیول میں 17فلموں کو گولڈن بیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے جس کا اعلان14فروری کو کیا جائے گا۔7فروری سے شروع ہونیوالا یہ رنگا رنگ ایونٹ11روز تک جاری رہنے کے بعد17فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔