ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکار ڈینو موریا کی 1999 میں جب فلم ’پیار میں کبھی کبھی‘ سامنے آئی، تو سب کو ایسا محسوس ہوا کہ وہ اپنے کیریئر میں کامیابیوں کی اونچائی کو چھو لیں گے، تاہم ہوا کچھ اور ہی۔اداکار کو اپنے بولی وڈ کیریئر میں غلط فلموں کے انتخاب سے متعدد بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈینو موریا کی آخری ہندی فلم ’پیار امپوسبل‘ 2010 میں سامنے آئی، تاہم اس کے بعد وہ متعدد فلموں میں مختصر کرداروں کے لیے تو جلوہ گر ہوئے لیکن خود کوئی فلم سائن نہیں کی۔تاہم اب وہ بہت جلد ہندی فلم انڈسٹری میں واپسی اختیار کررہے ہیں جس کے لیے وہ خاصے پرجوش بھی ہیں۔تقریباً ایک دہائی بعد بولی وڈ میں کم بیک کرنے کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں اسکرین پر واپسی کے لیے بیتاب تھا، اب میں ویب شوز کی شوٹنگ کررہا ہوں، میرے کردار کافی دلچسپ ہیں۔اتنے سال اسکرین سے غائب رہنے کے حوالے سے ڈینو نے بتایا کہ ’مجھے کئی پروجیکٹس کی آفرز موصول ہوئیں، لیکن مجھے کہانی اور اپنا کردار پسند نہیں آیا، گزشتہ دو سالوں سے جس طرح کی فلمیں بن رہی ہیں، مجھے پسند نہیں آئیں، ہر کسی کو ڈیبیو فلم میں میری اداکاری پسند آئی تھی، لیکن بعدازاں میری آگے کی فلمیں کامیاب نہیں ہوئیں، مجھے ایک بدترین اداکار کہا گیا، اس لیے میں نے اتنا عرصہ ایک اچھے اسکرپٹ کا انتظار کیا۔فلم کے بجائے ویب سیریز کے انتخاب پر اداکار نے کہا کہ ’میں دو فلموں کو پروڈیوسر کررہا ہوں جن میں سے ایک میں میں خود کا کروں گا، میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا کہ میں فلم نہیں کروں گا۔یاد رہے کہ کیریئر کے آغاز میں ڈینو موریا کا افیئر اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ بھی رہا، تاہم چند ہی سالوں میں ان کا بریک اپ ہوگیا تھا، اس رشتے کا بھی ڈینو موریا کے کیریئر پر خاصہ برا اثر پڑا۔ڈینو موریا اور بپاشا باسو نے ایک ساتھ فلم ’راز‘ میں کام کیا تھا۔