نیویارک (این این آئی) کینسر میں مبتلا ہونے والے بالی وڈ اداکار رشی کپور نے کہا ہے کہ اس مرض کا علاج بہت طویل ہے جس کیلئے صبر درکار ہے لیکن مجھ سے صبر نہیں ہو رہا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت میری بیماری کا باقاعدہ علاج جاری ہے،امید ہے کہ میں جلد ٹھیک ہوجاؤں گا اور اوپر والے کی مرضی ہوئی تو میں واپس بھی لوٹ آؤں گا۔رشی کپور اکتوبر 2018 سے امریکا میں مقیم ہیں اور اپنا علاج کروا رہے ہیں۔رشی کپور ان بولی وڈ اسٹارز میں سے ایک ہیں جو ٹوئٹر پر بہت زیادہ سرگرم ہیں۔
اور اپنی زندگی کے بارے میں کافی کچھ بتاتے رہتے ہیں مگر اپنی صحت کے حوالے سے اب تک انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔واضح رہے کہ رشی کپور چند ماہ قبل علاج کی غرض سے جب امریکہ منتقل ہوئے تو ان کی اہلیہ نیتو سنگھ نے ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی صاف تردید کی تھی تاہم میڈیا میں اس حوالے سے چہ مگوئیاں گردش کر رہی تھیں۔اب رشی کپور نے کینسر جیسی موذی مرض لاحق ہونے کی خود تصدیق کر دی ہے جس پر نیتو سنگھ نے بھی پرستاروں سے شوہر کیلئے خصوصی دعا کرنیکی درخواست کی ہے۔