ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار سوشانتھ سنگھ راجپوت کی آنیوالی نئی فلم ’رائفل مین‘ شوٹنگ سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سوشانتھ سنگھ راجپوت نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ اب نئی آنیوالی فلم ’رائفل مین‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئینگے جس کے بعد انہوں نے اپنے انسٹا گرام پر فلم کا پہلا پوسٹر بھی جاری کیا۔
تاہم فلم شوٹنگ سے قبل ہی قانونی شکنجے میں پھنس گئی ہے۔ حال ہی میں بھارت میں ریلیز ہونیوالی فلم ’72 آور: مرٹائیر ہو نیور ڈائی‘ کے ہدایتکار اویناش دھیانی نے دعویٰ کیا ہے کہ جسونتھ سنگھ راوت کی زندگی پر مبنی فلم ’رائفل مین‘ بنانے کے تمام حقوق صرف اْن کے پاس ہیں۔ دوسری جانب سوشانتھ سنگھ راجپوت کی فلم ’رائفل مین‘ کی پروڈکشن ابنڈینشیا انٹر ٹینمنٹ کی جانب سے فلم ’72 آور‘ کی ٹیم کو بھی قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ بھی اپنی فلم ’ 72 آور‘ ریلیز نہیں کر سکتے کیونکہ اس فلم میں جسونتھ سنگھ راوت کی زندگی کے کردار کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ اس کے تمام حقوق ہمارے پاس ہیں۔ سوشانتھ سنگھ راجپوت کی پروڈکشن ٹیم کے نوٹس پر فلم 72 آور کی ٹیم بھی خاموش نہ رہی اور انہوں نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مسئلے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، اویناش دھیانی نے کہا کہ میں اس انڈسٹری میں گزشتہ 15 سال سے کام کر رہا ہوں اگر وہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم کسی دباؤ کی وجہ سے ہار مان جائیں گے تو یہ ان کی سب سے بڑی غلطی ہے۔