ممبئی (این این آئی) بالی وڈ کی متنازع اداکارہ سنی لیون پر ایک بھارتی پروڈیوسر نے لاکھوں روپے کی خرد برد کا الزام عائد کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی وڈ پروڈیوسر بھارت پٹیل نے سنی لیون پر 5 لاکھ روپے واپس نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے جو انہوں نے سال 2015 میں فلم ’’پٹیل کی پنجابی شادی‘‘ میں اداکارہ کو ڈانس نمبرکرنے کیلئے دئیے تھے۔ پروڈیوسر بھارت پٹیل کا کہنا ہے کہ سنی لیون کو ڈانس نمبر کے لیے 40 لاکھ روپے دئیے جانے تھے جن میں سے 5 لاکھ معاہدہ طے پانے پر اورباقی رقم
پروموشن اور گانے کی ریہرسل کے دوران ادا کی جانی تھی۔پروڈیوسر نے دعویٰ کیا کہ جب گانے کی شوٹنگ شروع ہوئی تو سنی لیون نے شوٹنگ میں حصہ لینے کے بجائے پروڈکشن ٹیم کے فون سننے ہی چھوڑ دئیے۔ فلم پروڈیوسر نے سنی لیون سے معاہدے پر دستخط کیے جانے کے دوران دی گئی رقم واپس لوٹانے کا مطالبہ کیا ہے. دوسری جانب اداکارہ سنی لیون نے خود پر لگے فراڈ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ذمے کسی کے پیسے واجب الادا نہیں، ان پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔