ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ دبنگ ہیرو سلمان خان جو حال ہی ایکشن فلم ‘ریس تھری’ میں شاطر ہیرو کے کردار میں نظر آئے تھے، اطلاعات ہیں کہ انہوں نے اب کسی بھی فلم میں ولن بننے سے معذرت کرلی۔گزشتہ 2 سال سے اطلاعات تھیں کہ سلمان خان بولی وڈ کی ایکشن سیریز ‘دھوم’ کی چوتھی فلم میں ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے۔خبریں تھیں کہ ‘دھوم 4’ میں سلمان خان کے ساتھ رنویر سنگھ
اور کترینہ کیف بھی نظر آئیں گی، ساتھ ہی چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کا نام بھی لیا جا رہا تھا۔یہ بھی اطلاعات تھیں کہ اس فلم میں سلمان خان کی جگہ شاہ رخ خان کو بھی کاسٹ کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔تاہم کچھ ہفتے قبل نشریاتی ادارے ‘فرسٹ پوسٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سلمان خان نے ‘دھوم 4’ میں کام کرنے سے انکار کردیا۔رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے ‘دھوم 4’ میں ابھیشک بچن کے پولیس افسر اور مرکزی ہیرو ہونے کی وجہ سے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔رپورٹ میں کے مطابق سلمان خان نے فلم کی ٹیم سے ابھیشک کا کردار مختصر یا انہیں غیر اہم کردار دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا، تاہم فلم کی ٹیم نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کردیا تھا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم کی ٹیم کے انکار کے بعد سلمان خان نے بھی ‘دھوم 4‘ میں کام کرنے سے انکار کیا۔تاہم اب اطلاعات ہیں کہ سلمان خان نے دراصل ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا۔انڈیا ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ‘دھوم 4’ میں کام نہ کرنے کی وجہ سلمان کان کی جانب سے ابھیشک بچن کا کردار نہیں بلکہ ان کی جانب سے یہ کیا گیا یہ فیصلہ ہے کہ وہ مستقبل میں کبھی بھی منفی کردار ادا نہ کریں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلمان خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ ایک معروف اداکار ہیں اور انہیں کروڑوں لوگ فالو کرتے ہیں۔پنک ولا کے مطابق دبنگ ہیرو نے انٹرویو کے دوران کہا کہ مداح اور فالوؤرز وہی کرتے ہیں جو ان کے پسندیدہ اداکار کرتے ہیں۔سلمان خان نے واضح کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ وہ منفی کردار ادا کریں اور ان کے مداح انہیں دیکھ کر وہی کچھ کرنے کی کوشش کریں۔رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے ‘دھوم 4‘ میں ابھیشک بچن کے کردار کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے ذاتی فیصلے کی وجہ سے کام کرنے سے انکار کیا۔