ممبئی (شوبز ڈیسک)ویسے بھی شوبز اور سیاست کا ایک دوسرے سے قریبی تعلق ہے، بھارت اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کے کئی اداکار سیاست میں انٹری بھی دے چکے ہیں۔بھارت میں جہاں شتروگن سنہا، جیا بچن اور امیتابھ بچن جیسے اداکار سیاست کر چکے ہیں وہیں کئی اور بھی اداکار سیاست میں انٹری کے خواہاں ہیں۔بولی وڈ کوئین کنگنا رناوٹ جو سیاست پر بنی فلموں میں اداکاری کے جوہر تو دکھا چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے سیاست میں بھی انٹری کے لیے اشارہ دے دیا ہے۔ کنگنا رناوٹ سے ایک تقریب کے دوران جب اپنے سیاسی خیالات کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے مستقبل میں
سیاست میں انٹری کا اشارہ دیا۔31 سالہ کنگنا رناوٹ نے خود کو کم عمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی وہ بہت کم عمر ہیں اس لیے وہ سیاست میں انٹری نہیں کرنا چاہتیں، تاہم ملک کی خاطر انہیں جب بھی موقع ملا تو وہ کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گی۔کنگنا رناوٹ کے مطابق انہیں حکومت چلانے اور سیاست سے متعلق ہر چیز کا پتہ ہے اور کبھی اگر انہیں وطن کی خاطر قربانی دینی پڑی تو وہ ہندوستان کی خاطر اپنی زندگی کے نظرانے سمیت کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گی۔کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کوئی خطرہ نہیں اور ہر خطرے کو سنبھالنے کے لیے فوج موجود ہے۔