کراچی(این این آئی) معروف پاکستانی فنکار صبا قمر اور عمران عباس بہت جلد ہالی ووڈ میں اداکاری کرتے نظرآئیں گے۔پاکستان ڈرامہ انڈسٹری سمیت بالی ووڈ میں نام کمانے والے نامور پاکستانی اداکار عمران عباس اب ہالی ووڈ کی تیاریوں میں ہیں جس کی تصدیق عمران عباس نے خود کی ہے۔ عمران عباس نے ہالی ووڈ جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم ’ٹروجان ہارس‘ میں جاسوس کا مرکزی کردار نبھائیں گے۔
اپنے کردار کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے عمران کا کہنا تھا کہ وہ فلم میں 6 سے 7 مختلف روپ میں نظر آئیں گے۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز جولائی میں ہوگا جو اکتوبر تک جاری رہیگا، شوٹنگ برطانیہ، یورپ اور ترکی کے خوبصورت مقامات پر کی جائے گی۔فلم میں شامل دیگر کاسٹ کے حوالے سے عمران عباس کا کہنا تھا کہ فی الحال وہ فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے تاہم ان کے ساتھ دیگر کاسٹ میں شامل افراد کا تعلق ہالی ووڈ سے ہی ہے۔دوسری جانب اداکارہ صبا قمر کے متعلق بھی خبریں گردش کررہی ہیں کہ بالی ووڈ میں فلم ’ہندی میڈیم‘ کیذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی باصلاحیت اداکارہ صبا قمر بہت جلد ہالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، تاہم صبا قمر کی جانب سے ابھی تک ان خبروں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔میڈیا میں زیر گردش خبروں کے مطابق صبا قمر نے ہالی ووڈ سپر اسٹار بین ایفلک کے ساتھ اپنا پہلا پراجیکٹ سائن کیا ہے۔ تاہم ان کے ہالی ووڈ پراجیکٹ کے حوالے سے دیگر تفصیلات فی الحال منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔