اسلام آباد(نیوزڈیسک)تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دے دیا۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آج دوسرا میچ سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلا جارہا ہے۔افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہترین ثابت ہوا، افغان اوپنرز نے ٹیم کو 227 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔
افغان اوپنر رحمٰن اللہ گرباز نے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شاہین آفریدی کا شکار بنے، رحمٰن اللہ گرباز کی اننگز میں 3 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے جب کہ دوسرے اوپنر ابراہیم زادران 80 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے۔ان کے علاوہ محمد نبی 29، راشد خان 2 اور شاہد اللہ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے،کپتان حشمت اللہ شاہدی 15 اور عبدالرحمٰن 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔