اسلام آباد (نیوز ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقررہ وقت گزرنے کے بعد ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کو ایک اہم سہولت فراہم کر دی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت لیٹ فائلرز مخصوص شرائط پوری کرکے بغیر سرچارج ادا کیے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں اپنا نام شامل کرا سکیں گے۔اس حوالے سے ایف بی آر نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ سرچارج سے استثنیٰ حاصل کرنے والے ٹیکس دہندگان کو اگلے چھ ماہ تک کوئی جائیداد خریدنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد کو ایف بی آر کے پاس تحریری یقین دہانی جمع کرانا ہوگی۔
اس مقصد کے لیے ادارے نے ATL-U کے نام سے نیا فارم متعارف کرایا ہے، جسے ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس سسٹم کے ذریعے آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق انڈرٹیکنگ جمع کرانے کے بعد چھ ماہ کی مدت تک متعلقہ شخص کسی بھی قسم کی غیر منقولہ جائیداد خریدنے یا اپنے نام منتقل کرانے کا مجاز نہیں ہوگا۔ایف بی آر اس دوران ٹیکس دہندگان کے مالی معاملات اور جائیداد سے متعلق لین دین پر نظر رکھے گا۔ اگر کوئی فرد اس شرط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے دی گئی سرچارج کی چھوٹ واپس لے لی جائے گی اور اس کے لیے مقررہ سرچارج کی ادائیگی لازمی ہوگی۔ایف بی آر کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹیکس نیٹ میں مزید افراد کو شامل کرنا اور ان ٹیکس دہندگان کو سہولت دینا ہے جو کسی وجہ سے مقررہ تاریخ تک اپنے گوشوارے جمع نہیں کرا سکے۔ نئی شرائط پر پورا اترنے والے لیٹ فائلرز اب بغیر سرچارج ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ کا حصہ بن سکیں گے۔



















































