کراچی (این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایرانی شہری کو پاکستانی شناختی دستاویزات جاری کرنے کے معاملے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نادرا میگا، سائمنز چورنگی کراچی برانچ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) تعینات رہ چکا ہے۔ اس پر ایرانی شہری محمد اکبر کا پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پراسیس کرنے میں کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔مقدمہ ایف آئی آر نمبر 273/2026 کے تحت درج کیا گیا تھا، جس کا آغاز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر دو مسافروں کو روکنے کے واقعے سے ہوا۔ دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹس پر قطر روانہ ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان کی پاکستانی شہریت سے متعلق شکوک پیدا ہوئے۔ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں دونوں مسافروں نے بتایا کہ وہ پیدائشی طور پر ایرانی شہری ہیں اور رقم کے عوض غیر قانونی ذرائع سے پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کی تھیں۔
دورانِ تفتیش ایرانی شہری محمد اکبر کا شناختی کارڈ پراسیس کرنے میں نادرا کے سابق افسر کا کردار سامنے آنے پر اسے گرفتار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے کردار، متعلقہ دستاویزات اور نادرا ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے، جبکہ مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افسران، ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی دستاویزات فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



















































