لاہور( این این آئی)ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے نیدرلینڈر کے جعلی ویزوں پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا کر دو مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر ایف آئی اے امیگریشن نے نیدرلینڈز کے جعلی وزٹ ویزوں پر بیرون ملک جانے والے دو مسافروں قیصر منیر ولد منیر احمد اور علی حسن ولد منظور احمد کو حراست میں لیا جو قطر ایئرویز کی پرواز QR-629 کے ذریعے نیدرلینڈز روانہ ہونا چاہتے تھے۔دوران امیگریشن جانچ پڑتال کے وقت دونوں کے پاسپورٹس پر لگے نیدرلینڈز کے وزٹ ویزے جعلی پائے گئے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دونوں مسافروں نے گجرات کے رہائشی ایجنٹ چوہدری عدنان اکمل ورک سے فی کس 40 لاکھ روپے میں ویزوں کا معاملہ طے کیا تھا جس میں سے دونوں نے 20، 20 لاکھ روپے ایڈوانس ایجنٹ کے بینک اکائونٹ میں منتقل کیے تھے۔
ایک مسافر کے موبائل فون سے رقم کی منتقلی کے ثبوت بھی برآمد ہوئے۔ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا۔



















































