اسلام آباد (نیوزڈ یسک) وفاقی حکومت نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اہل امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نیا قدم اٹھا لیا ہے۔
اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نئے قائم کردہ سیل کی بنیادی ذمہ داری وفاقی وزارتوں اور محکموں میں بلوچستان کے لیے مختص ملازمتوں کے کوٹے پر بھرتیوں کی نگرانی کرنا ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنانے کے ساتھ اہل امیدواروں کو بروقت مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔خصوصی سیل وفاقی ملازمتوں کے لیے رائج بھرتی کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لے گا اور اس دوران بلوچستان کے امیدواروں کو پیش آنے والی انتظامی اور عملی رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا۔
ان مشکلات کے خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو مناسب اقدامات تجویز کرنا بھی سیل کے فرائض میں شامل ہوگا۔حکومتی اقدام کا ایک اہم مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے امیدواروں تک وفاقی ملازمتوں سے متعلق معلومات اور مواقع کی رسائی بہتر بنانا ہے، تاکہ وہ بھرتی کے عمل میں مؤثر انداز سے حصہ لے سکیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ سیل وفاقی وزارتوں، متعلقہ محکموں اور ماتحت اداروں کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔ اس کے ذریعے بلوچستان کے مختص کوٹے کے تحت بھرتیوں کو مقررہ قواعد و ضوابط اور وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق مکمل کرنے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جوائنٹ سیکریٹری (ریگولیشن) کو سیل کا مجموعی انچارج مقرر کیا ہے، جبکہ شاہد نواز کو کوآرڈی نیٹر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔حکومت کے اس اقدام سے توقع کی جا رہی ہے کہ بلوچستان کے اہل امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے اور بھرتی کے مختلف مراحل میں درپیش مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔



















































