اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث صارفین کو سست رفتار کنکشن یا عارضی تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سے منسلک ایک اہم بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام طے کیا گیا ہے۔ اس تکنیکی عمل کے باعث 15 جنوری کو ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی نیا ٹیل (Nayatel) نے بتایا ہے کہ یہ مرمتی سرگرمی دوپہر تقریباً 2 بجے شروع ہوگی اور اس کا دورانیہ تقریباً آٹھ گھنٹے متوقع ہے۔ اس دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو سکتی ہے یا بعض مقامات پر سروس میں رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔
اس حوالے سے نیا ٹیل نے اپنے صارفین کو ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ مرمت ایک عالمی سطح کی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے اور یہ کام ناگزیر ہے۔ اگرچہ کیبل کی درست جگہ یا خرابی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ انہیں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی محسوس ہو سکتی ہے۔
نیا ٹیل سمیت دیگر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس دوران اپنی اہم آن لائن سرگرمیوں کی پہلے سے منصوبہ بندی کر لیں تاکہ ممکنہ تعطل سے کم سے کم متاثر ہوں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان عالمی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے لیے چند ہی سب میرین کیبلز پر انحصار کرتا ہے۔ اگرچہ مرمتی کام ناگزیر ہوتے ہیں، تاہم ان کے اثرات براہِ راست صارفین تک پہنچتے ہیں۔ مرمت کے دوران ڈیٹا کو متبادل راستوں سے منتقل کیا جاتا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ سب میرین کیبلز بین الاقوامی ڈیٹا کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خرابی براؤزنگ، اسٹریمنگ، آن لائن کام اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات کو متاثر کر سکتی ہے۔















































