اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)کاروباری ہفتے کے آخری دن انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا ہو گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 3 پیسے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ڈالر 280.05 روپے سے کم ہو کر 280.02 روپے پر بند ہوا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی بیشتر غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ امریکی ڈالر 5 پیسے سستا ہو کر 281.05 روپے میں فروخت ہوا، یورو 47 پیسے کمی کے بعد 329.82 روپے، برطانوی پاؤنڈ 50 پیسے کی کمی سے 379.95 روپے جبکہ متحدہ عرب امارات کا درہم 2 پیسے کم ہو کر 77.22 روپے پر آ گیا۔ تاہم سعودی ریال کی قدر میں اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 47 روپے تک پہنچ گئی۔
ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار مندی کے رجحان کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس 1,133 پوائنٹس کی کمی کے بعد 184,409 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 186,180 جبکہ کم ترین سطح 183,700 ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 185,543 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔















































