اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک)امریکی حکومت نے سخت امیگریشن پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے رواں سال جنوری سے اب تک 85 ہزار کے قریب ویزے منسوخ کر دیے ہیں، جب کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں کی ویزا اپائنٹمنٹ تاریخیں بھی آگے بڑھا دی گئی ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نئے سخت قوانین کے نفاذ کے بعد متعدد ویزے حملہ، چوری اور بدتمیزی جیسے جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کے سبب منسوخ کیے گئے، اور ان افراد کو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ سال کے آغاز سے 85 ہزار ویزے مسترد یا منسوخ کیے گئے ہیں۔ اس پوسٹ کے ساتھ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر اور نعرہ “امریکا کو دوبارہ محفوظ بنائیں” بھی شیئر کیا گیا، جو واضح کرتا ہے کہ یہ اقدامات ٹرمپ انتظامیہ کے سیکیورٹی پلان کا حصہ ہیں۔رپورٹس کے مطابق منسوخ کیے گئے ویزوں میں 8 ہزار سے زائد طلبہ کے ویزے بھی شامل ہیں، جو گزشتہ برس کی نسبت دوگنا اضافہ ہے۔امریکا نے H1-B ویزا کے خواہش مند بھارتیوں کے لیے انٹرویو کی تاریخیں بھی آگے بڑھا دی ہیں۔ بھارت میں قائم امریکی سفارت خانے نے ایکس پر بتایا کہ جن درخواست گزاروں کی اپائنٹمنٹ “2026 تک ملتوی” کر دی گئی ہے، انہیں نئی تاریخ کے مطابق دوبارہ قونصل خانے آنا ہوگا۔محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ویزے منسوخی کی وجہ خراب ڈرائیونگ، مارپیٹ، چوری اور اسی نوعیت کے جرائم ہیں، کیونکہ ایسے افعال میں ملوث افراد امریکی شہریوں کے لیے براہ راست خطرہ تصور کیے جاتے ہیں۔















































