اسلام آباد (نیوز ڈیسک )عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی، پاکستان میں پٹرول سستا ہونے کا امکانڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک کے ساتھ جاری تجارتی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی پر بھی پڑنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 60.12 ڈالر فی بیرل تک گر چکی ہے، جو کہ گزشتہ دنوں کے مقابلے میں 14 ڈالر فی بیرل کی واضح کمی کو ظاہر کرتی ہے۔یاد رہے کہ 31 مارچ کو برینٹ آئل کی قیمت 74.74 ڈالر فی بیرل تھی، جو 2 اپریل کو معمولی اضافہ کے ساتھ 74.95 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، تاہم اس کے بعد قیمتوں میں لگاتار کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 10 سے 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان موجود ہے۔اس سے قبل اگرچہ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پٹرول پر بڑا ریلیف نہیں دیا تھا، لیکن عوام کو بجلی کے نرخوں میں کمی کی صورت میں کچھ ریلیف فراہم کیا گیا تھا۔اب چونکہ خام تیل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی ہو چکی ہے، اس لیے توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی۔تاہم بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی یا دیگر ٹیکسز عائد کر کے قیمتوں میں کمی کو محدود رکھے۔