اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی پر غور کر رہی ہے، تاہم حتمی اعداد و شمار ابھی طے نہیں کیے گئے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 13 سے 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 11 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) مجوزہ سمری وزیراعظم کو پیش کرے گی، جس کے بعد وزارت خزانہ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی کی تھی، جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5.31 روپے کم ہو کر 258.64 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں معمولی 0.50 روپے کی کمی کے بعد 255.63 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.53 روپے کمی کے بعد 168.12 روپے فی لیٹر، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 2.47 روپے کمی کے بعد 153.34 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
عوامی حلقے حکومت کے اس ممکنہ فیصلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ اس سے مہنگائی میں کچھ حد تک کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔