اسلام آباد (نیوز ڈیسک)خام لوہے اور اسٹیل کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی مدت میں توسیع کے باعث سریے کی قیمت میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خام لوہے اور اسٹیل پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی مدت کو 31 مارچ تک بڑھا دیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، خام لوہے پر 10 فیصد جبکہ اسٹیل مصنوعات پر 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لاگو ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ اس ڈیوٹی کے باعث خام لوہے اور اسٹیل کی قیمت میں 11 ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں فی ٹن قیمت 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی میں اس توسیع سے تعمیراتی شعبے پر اضافی مالی دباؤ پڑے گا، جبکہ صنعتی شعبہ بھی اس قیمت میں اضافے سے متاثر ہو سکتا ہے۔