اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے اپریل 2025ء سے بجلی نرخوں میں بڑی کمی کا پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاور ڈویژن اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پلان وسط فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، اس پلان کا مقصد یکم اپریل 2025ء سے بجلی کے نرخوں میں واضح کمی لانا ہے، وزیر اعظم نے بجلی کے ٹیرف میں کمی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
اسحاق ڈار کی سربراہی میں ٹیرف میں کمی کیلئے قائم کمیٹی میں توسیع کی گئی ہے جس نے ٹیرف میں کمی کے پلان کا بغور جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق، اس پلان میں آئی پی پیز کیساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں سے فی یونٹ 2روپے تک ریلیف شامل ہے، اس کے علاوہ، سرکاری پاور پلانٹس کیلئے ریٹرن آن ایکویٹی میں کمی کے ذریعے بچت کا پلان بھی شامل کیا گیا ہے۔پلان میں وفاقی و صوبائی ٹیکسوں میں کمی کا بھی منصوبہ ہے جس سے بجلی ٹیرف میں 3روپے فی یونٹ تک کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
حکومتی پلان کے تحت آئندہ ماہ حتمی مشاورت آئی ایم ایف کے وفد سے کی جائے گی، جو موجودہ قرض پروگرام کے جائزہ کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پلان پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کے خدشات کو دور کرنے کیلئے فنانس ڈویژن اہم کردار ادا کرے گا اور پلان کے کامیاب نفاذ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔