اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قومی خزانے کو 6 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ چیف کمشنر لینڈ ریونیو ڈاکٹر خالد ملک نے بتایا کہ ٹیکسز کی چوری اور جعلی انوائسز بناکر سیلز ٹیکس چوری کرنے والے والوں کے خلاف کارروئیاں جاری رہیں گی۔
ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد میں سیمینار سے خطاب میں چیف کمشنر لینڈ ریونیو نے کہا کہ ایف بی آر کی انفورسمنٹ کے بعد جعلی انوائسز اور سیلز ٹیکس کی چوری میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے، جولائی 2023 سے تاحال حیدرآباد ریجن میں سیلز ٹیکس کی چوری میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کرکے 10 کروڑ وصول کیے ہیں جب کہ مزید کیسز پر کام جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ کچھ کمپنیز کے مالکان زائد منافع کی لالچ میں جعلی کمپنیاں بنا کر ٹرانزیکشن کرنے کے ساتھ ساتھ پروڈکٹ کی مینوفیکچرنگ میں کاسٹ کے غلط اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے تاہم اب ایسا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔