کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو اے ٹی ایم مشینیں بند ہونے اور آن لائن بینکنگ سے متعلق افواہوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بے بنیاد پیغامات کے ذریعے مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر پاکستان میں اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ کے استعمال سے روکا جا رہا ہے۔ شہری ایسے کسی بے بنیاد پیغام اور دھوکے سے ہوشیار رہیں اور ان پر کان نہ دھریں ۔
کسی بھی مشورے کے لیے اپنے بینک سے رجوع کریں۔بیان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، بینکوں اور ون لنک کے ساتھ مل کر پاکستان کے فائنانشل انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے اور سخت آئی ٹی سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہاہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک اس سلسلے میں اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ نظام پر کسی بھی قسم کا سائبر حملے کا خطرہ نہیں دیکھا گیا اور فائنانشل سروسز انڈسٹری پہلے سے زیادہ ہوشیار اور محفوظ ہے۔