پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا کا بجٹ مالی سال 2024ـ25 کے لئے 1754 ارب روپے کابجٹ اسمبلی میں پیش کردیا، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے تین سو ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔۔صحت کے شعبے کیلئے 232 ارب 80 لاکھ روپے مختص،، بی آر ٹی کے لئے ڈھائی ارب روپے تک سبسڈی فنڈ مختص کیا گیا ہے ۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں مالی سال 2024ـ25 کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔ بجٹ اجلاس 2 گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، وزیرخزانہ خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے بجٹ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ایوان بھی میں موجود تھے۔وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے بتایا کہ کل محصولات 1754 ارب روپے ہیں جبکہ کل اخراجات 1654ارب روپے ہیں، بجٹ 100 ارب روپے سرپلس ہے۔
وزیرخزانہ کے مطابق تعلیم کے لیے کل 362 ارب 68 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ، تعلیم کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں، اعلیٰ تعلیم کیلئے 35 ارب 82 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔آفتاب عالم نے بتایا کہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں محصولات ” بقایاجات”78 ارب 21 کروڑ روپے ہے، مجموعی طور پر محصولات 1212 ارب 40 لاکھ روپے ہیں۔وزیرخزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہوٹلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 6 فیصد کر دی گئی ہے، ریسٹورنٹ انوائس منیجمنٹ سسٹم کا استعمال تمام ہوٹلوں کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے بتایا کہ کمرشل پراپرٹی پر ٹیکس ماہانہ کرایہ کا 16 فیصد سیکم کرکے 10 فیصد کرنے کی تجویز ہے جبکہ شعبہ صحت سے منسلک کاروباروں پر ٹیکس 16 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کیا جارہا ہے۔
وزیرخزانہ کے مطابق صحت کے شعبے کیلئے 232 ارب 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے، وزیر خزانہ نے بتایا کہ کے پی میں ترقیاتی بجٹ کے تحت ائیر ایمبولنس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جنوبی اضلاع کیلئے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اسٹیلائٹ مرکز کا قیام عمل میں لائے جائے گا،نجی شعبہ کی شراکت سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا قیام بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ادویات کی خریداری 10 ارب 97 کروڑ روپے مختص کیے گئے، صحت کارڈ پلس کا کل بجٹ 28 ارب روپے بندوبستی اضلاع اور ضم اضلاع کیلئے 9 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ صوبہ میں امن و امان کی بہتری کیلئے اس سال کل 140 ارب 62 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔امن و امان کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہیں، داخلہ امور کے شعبے میں پی ای ایچ ایل 911 کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔