کراچی(این این آئی) آزاد کشمیر کے لیے درآمد چائے کراچی میں اتار کر ایک ارب 60 کروڑ کا ٹیکس فراڈ سامنے آیا ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق چائے کی درآمد پر 6 فی صد ٹیکس ہے، جب کہ آزاد کشمیر کو اس ٹیکس سے استثنی حاصل ہے، تاہم آزاد کشمیر کے لیے درآمد چائے پاکستان کی منڈیوں میں ہی فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق ٹیکس چھوٹ والی چائے کی فروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا، کے ایف فوڈز نے ٹیکس چھوٹ والی کالی چائے پورٹ قاسم کلکٹریٹ سے کلیئر کرائی، اور ماڑی پور میں واقع گودام میں ہی خالی کرائی گئی۔کسٹمز انٹیلیجنس حکام نے بتایا کہ گودام سے 14 ٹن چائے کا کنٹینر برآمد کیا گیا ہے، گودام کی تلاشی میں مزید 530 ٹن چائے برآمد ہوئی، جب کہ درآمد کنندگان ٹیکس فراڈ سے 3 ہزار ٹن کالی چائے کراچی میں فروخت کر چکے ہیں۔