کراچی (این این آئی)پاکستان نے بھارتی اور اسرائیلی گندم درآمد کرنے پر پابندی عائد کردی جبکہ روس کے زیرکنٹرول یوکرینی علاقوں سمیت کیوبا، ایران، شام اور شمالی کوریا سے بھی گندم درآمد نہیں کی جائے گی۔پاکستان نے عالمی تجارتی کمپنیوں پردونوں ممالک کی گندم سپلائی نہ کرنے کی شرط عائدکردی جبکہ بین الاقوامی پابندیوں کے شکار کیوبا، ایران، شمالی کوریا اور شام سے بھی گندم سپلائی پر پابندی لگائی گئی۔
دستاویز کے مطابق روس کے زیرکنٹرول یوکرینی علاقوں اور کریمیا سے بھی گندم نہیں لی جائے گی جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار ٹن خریداری کے ٹینڈر میں گندم میں نمی کی حد ساڑھے 14 فیصد مقررکی گئی۔دستاویزات کے مطابق گندم میں مٹی سمیت دیگر اشیا کی موجودگی ایک فیصد سے زیادہ نہیں ہوگی اورگندم 12 فروری تک دو جہازوں میں گوادر یا کراچی پورٹ پر پہنچانا شروع ہوگی۔