اسلام آباد(این این آئی)نگراں وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت 283روپے 80پیسے فی لٹراور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303روپے 18پیسے فی لٹر پر برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 2.82روپے کمی سے211.03روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 3.40روپے کمی کے ساتھ 189.46روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیاہے۔وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں40روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کم کی گئی تھی جس کے بعدپٹرول کی قیمت 283روپے 80پیسے فی لٹراور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303روپے 18پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔