کراچی(این این آئی)ملک میں بڑھتی مہنگائی کے باعث ضروریات زندگی کی ہراشیا کی قیمتوں کو پرلگ گئے ہیں۔تاہم ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد مہنگائی کے کم ہونے کے ثمرات نظر آنے لگے ہیں۔اس سال چاول کی زیادہ کاشت کے باعث قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔ برآمد کنندگان نے اس سال چاول کی برآمدات کے لیے 3 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔چاول کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد چاول 25 فیصد تک سستے ہوگئے ہیں۔
تفصیل کیمطابق اری 6 چاول کی قیمت میں 25 روپے کی کمی ہوئی ہے، جو اب 125 روپے فی کلوگرام پرکھڑی ہے،جبکہ اری 9 چاول 30 روپے کی کمی کے بعد 190 روپے میں دستیاب ہے۔اسی طرح 86 پرانے چاول کی قیمت میں 25 روپے کی کمی ہوئی جس سے اس کی قیمت 210 روپے فی کلو تک گرگئی جبکہ 46 روپے کی کمی کے بعد اب 86 نئے چاول کی قیمت 161 روپے فی کلو ہے۔سیلا چاول، جس کی قیمت پہلے 335 روپے تھی،اب 260 روپے فی کلو ہے، اور باسمتی چاول،جو 370 روپے تھا، اب 250 روپے فی کلو ہے۔ہول سیل گروسرز کے وائس چیئرمین اسماعیل آگر نے نشاندہی کی کہ پچھلے سال کے سیلاب نے فصل کو بری طرح متاثر کیا تھا۔