اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز بھی ڈالر کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں مزید سستا ہوگیا۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان ہے۔
ابتدائی اوقات میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 07 پیسے کمی سے 279 روپے 43 پیسے پر آئی، تاہم بعد میں تنزلی کا رجحان جاری رہا اور دوپہر تک ڈالر کی قدر ایک روپے 17 پیسے کی کمی سے 279 روپے 33 پیسے کی سطح پر آ گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 280 روپے 50 پیسے کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بدھ کے روز ایک روپے کم ہوکر 279 روپے ہو گئی جب کہ گزشتہ روز ڈالر 50 پیسے سستا ہوکر 280 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔