اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران آلو، پیاز، ٹماٹر، انڈے دودھ اور دہی سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، مہنگائی کی مجموعی شرح بھی بڑھ کر 37 اعشاریہ 07 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 11 کا اضافہ ہوا اور مہنگائی کی مجموعی شرح 37 اعشاریہ 07 فیصد ریکارڈ کی گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران آلو، پیاز، ٹماٹر، انڈے ،دودھ سمیت 19 اشیا ضروریہ کے دام بڑھ گئے ہیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں1روپے فی کلو اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے کا اضافہ ہوا، جب کہ رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 98 روپے مہنگا ہوا، اور ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت 3232 روپے تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران پیاز، انڈے، لہسن، آلو کی قیمتیں بھی بڑھیں، جلانے کی لکڑی، تازہ دودھ، دہی، مٹن اور خشک دودھ کے دام بھی بڑھ گئے۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے پیٹرولیم مصنوعات، چکن ، دال مسور، دال چنا کی قیمتوں میں کمی آئی، اور ایک ہفتے کے دوران دال ماش، آٹا، سرسوں کا تیل اور گھی بھی سستا ہوا۔