اسلام آباد (این این آئی) پاکستانی کرنسی نے ڈالر کے مقابلے میں دنیا کی بہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ بلوم برگ اور سٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلہ میں ستمبر میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 5.4فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی جو دنیا بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔31اگست کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر 305.54روپے ریکارڈکی گئی جو 26ستمبر کو 289.80روپے ہو گئی ہے ۔
اس فہرست میں کولمبیا کی کرنسی دوسرے اور موریشیس کی کرنسی تیسرے نمبرپر رہی۔کولمبیا کی کرنسی کی قدر میں ستمبر کے دوران ڈالر کے مقابلہ میں 0.8فیصد کی بڑھوتری ریکارڈکی گئی ، اسی طرح موریشیس کی کرنسی کی قدر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 0.5 فیصد کی شرح سے نمو دیکھنے میں آئی ہے ۔