لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت اورشوگر ملز مالکان کے درمیان چینی کی قیمت پر مسلسل تین روز سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔اس ضمن میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے شوگر ملز مالکان کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میںطہ پایا کہ شوگر ملز مالکان پنجاب حکومت کو 140روپے فی کلو چینی فروخت کریںگے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی سینٹرز،ماڈل بازاروںاوراتوار بازاروں میں خصوصی سٹالز پر چینی فروخت کرے گی۔
انہوںنے کہا کہ عوام کی مشکلات کا پورا احساس ہے ۔چینی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو ہوگا۔ ملاقات میں کرشنگ سیزن28اکتوبر سے شروع کرنے پر اتفاق کیاگیا۔شوگر ملزمالکان کے وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے اورپنجاب میں ضرورت سے زیادہ چینی موجود ہے ۔شوگر ملزمالکان کے وفد میں ہارون اختر،ذکا اشرف ،فواد مختاراوردیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویراورچیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔