کراچی (این این آئی) نگراں حکومت نے ملک میں ڈالر کے اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا اور ایکشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق نگران حکومت نے ڈالر کی قدر بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا اور نگران وزیراعظم انور الحق کاکڑ نے نگران وزیر خزانہ کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔نگران وزیراعظم اور نگران وزیر خزانہ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، جس میں نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ڈالر کی مصنوعی قدر بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات میں ملک میں ڈالر کے اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے ڈالر کی قدر میں استحکام کے لیے تجاویز طلب کرلیں۔ذرائع نے کہا ہے کہ ڈالر کی مصنوعی قدر بڑھنے والے ڈیلرز کے خلاف بھی ایکشن کا فیصلہ ہوا، ڈالر کی مصنوعی قلت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے اور کسٹم افسران کو مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اس سلسلے میں ڈالر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرے گا جبکہ کسٹم حکام ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھرپور ایکشن لے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ڈالر کی قدر میں سٹہ بازوں کے خلاف بھرپور ایکشن کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔