لاہور( این این آئی)انٹرنیشنل مارکیٹ میں سریا کی قیمتیں فی ٹن 130 امریکی ڈالر تک گر گئی جس سے مقامی اسٹیل اور لوہے کی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں سریا کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں بھی سریے اور لوہے کی قیمتوں میں 15 ہزار روپے فی ٹن کمی ہو گئی۔
آئرن اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حماد پونا والا کے مطابق جی پی اور سی آر سی کی قیمتوں میں تقریباً 30 ہزار روپے فی ٹن کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے مہنگا لوہا خریدنے والے تاجر لوہے کی قیمتوں میں اچانک کمی کی وجہ سے پریشان ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ خام لوہا امپورٹ کیا جاتا ہے جس سے انڈسٹریز چل رہی ہیں ،امپورٹرز کی ایل سی نہیں کھولی جارہی اور نہ ڈالر فراہم کئے جارہے ہیں۔حماد پونا والا کے مطابق نجی بینک ڈالرز انٹر بینک کے مقابلے 5 سے 7 روپے اضافی قیمت میں فروخت کر رہے ہیں،ایل سیز وقت وقت پر نہ کھولنے کی وجہ سے امپورٹرز کو لاکھوں روپے ڈیمریج اور پورٹ چارجز ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک سے اپیل ہے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔